صفحات

بدھ، 10 اپریل، 2013

Punjab Pakistan

بجلی کی بچت، پنجاب میں دو چھٹیاں

صوبائی دارالحکومت لاہور میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم از کم بارہ گھنٹے ہے

پنجاب کی نگراں کابینہ نے صوبے میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بحران کے باعث ہفتے میں دو چھٹیاں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ فیصلہ منگل کو صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت نگراں وزیراعلیْ نجم سیٹھی نے کی۔

صوبائی نگراں کابینہ نے مطالبہ کیا کہ پنجاب میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کو فوری طور ختم کیا جائے اور ملک میں بجلی کی یکساں لوڈشیڈنگ کی جائے۔

پنجاب میں اس وقت بجلی کی برترین لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے اور صرف صوبائی دارالحکومت لاہور میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم از کم بارہ گھنٹے ہے۔

پنجاب کی نگراں کابینہ کے اجلاس میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے پیدا ہونے والی صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور بجلی کے بچت کے لیے ہفتے میں دو تعطیلات کرنے کا اعلان کیا۔

اس سے پہلے گزشتہ برس سابق وزیر اعلیْ پنجاب شہباز شریف نے ہفتے میں دو چھٹیاں کرنے کی وفاقی حکومت کی تجاویز کی حمایت نہیں کی تھی۔

صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ لوڈشیڈنگ کے مسئلے پر اپنی ٹیم کے ساتھ جلد نگراں وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے اور لوڈشیڈنگ میں کمی کے لیے ٹھوس تجاویز دیں گے۔

پنجاب کابینہ نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ پر مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلایا جائے جبکہ لوڈشیڈنگ میں کمی کے وفاقی حکومت اقدامات کرے۔

نگراں وزیر اعلیْ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ لوڈشیڈنگ پر احتجاج سے اجتناب کریں اور املاک کو نقصان نہ پہنچایا جائے۔ ان کے بقول بجلی کی بچت کے لیے عوام حکومتی اقدامات میں تعاون کریں۔

نجم سیٹھی نے خبردار کیا کہ احتجاج کی آڑ میں کسی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں